بسم الله الرحمن الرحيم ، نحمده و نصلي و نسلم على رسوله الكريم ، و على أله و اصحابه اجمعين

Anwarul Quraan

اللہ کی خالقیت میں اس کا کوئی شریک نہیں

اللہ کی خالقیت میں اس کا کوئی شریک نہیں

Table of Contents

اللہ کی خالقیت میں اس کا کوئی شریک نہیں

       محمد حبیب اللہ بیگ ازہری
         13/ جنوری 2023 بروز جمعہ

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

الحمد لله رب العالمين، والصلاة والسلام على سيد الأنبياء وإمام  المرسلين، وعلى آله وأصحابه أجمعين، ومن تبعهم بإحسان إلى يوم الدين.

  1.  اللہ خالق کائنات ہے
  2. اللہ کی خالقیت میں اس کا کوئی شریک نہیں
  3.  ساری کائنات اللہ کی مخلوق ہے
  4. کائنات کا کوئی ذرہ اللہ کے سوا کسی دوسرے کا پیدا کردہ نہیں۔

 

مذکورہ بالا عقائد، عقیدۂ توحید کی اساس ہیں، اسی لیے اللہ وحدہ لاشریک نے قرآن مجید میں جابجا ان امہات عقائد کا مختلف طریقوں سے ذکر فرمایا، تاکہ بندے عقیدۂ توحید پر مضبوطی سے قائم رہیں، اور اپنے رب کی خالقیت ومالکیت میں کسی کو شریک نہ کریں۔

اگر ہم مذکورہ بالا چاروں عقائد کو دلائل کے ساتھ ذکر کریں تو کم از کم آٹھ جملے درکار ہوں گے، اور اگر دلائل یا جملوں میں اختصار کریں تو تب بھی چار پانچ جملے بنیں گے، لیکن کلام الہٰی کا اعجاز دیکھیں کہ قرآن کریم نے مذکورہ بالا چاروں عقائد کو دلائل کے ساتھ صرف دو آیتوں میں ذکر کردیا، ارشاد باری ہے:

اَمْ خُلِقُوْا مِنْ غَيْرِ شَيْءٍ اَمْ هُمُ الْخٰلِقُوْنَؕ۰۰۳۵اَمْ خَلَقُوا السَّمٰوٰتِ وَ الْاَرْضَ١ۚ بَلْ لَّا يُوْقِنُوْنَؕ۰۰۳۶ ۔[سورۂ طور: ٣٥-٣٦]۔

کیا وہ کیا کسی لا شے سے بنے ہیں، یا وہ خود خالق ہیں، یا انھوں نے آسمان وزمین کو پیدا کیا ہے؟ بلکہ وہ یقین نہیں رکھتے۔

ان آیات میں أم منقطعہ ہے، اور بل کے معنی میں ہے، اس طرح کے مواقع پر سوال مقصود نہیں ہوتا، بلکہ الزام مقصود ہوتا ہے، جس کا جواب مخاطب کی طرف سے نفی میں ہوتا ہے، تو لازمی طور پر مدعا ثابت ہوجاتا ہے، لہٰذا ان آیات کا معنی مراد یہ ہوگا۔

  1.  یہ کسی معدوم سے نہیں بن سکتے۔
  2.  یہ اپنے آپ کے خالق نہیں ہوسکتے۔
  3. ان کے مزعومہ خالق آسمان وزمین نہیں بناسکتے تو خالق کہلانے کے بھی حق دار نہیں ہوسکتے، لہٰذا ماننا ہوگا کہ اللہ سب کا خالق حقیقی ہے، اور سب اس کی مخلوق۔

 

اب آئیے دیکھتے ہیں کہ ان آیات بینات میں کس خوش اسلوبی کے ساتھ  اللہ رب العزت کی خالقیت کا اثبات کیا گیا ہے، انداز بیان منطقی ہے، لیکن بڑا دلچسپ اور اطمینان بخش ہے۔

دعویٰ ہے کہ اللہ خالق ہے، اور سب اس کی مخلوق ہے۔ اس پر دلیل یہ ہے کہ اگر اللہ وحدہ لاشریک کو خالق کائنات نہ مانا جائے تو سوال ہوگا کہ یہ کائنات کس نے بنائی ہے؟

کسی معدوم اور غیر موجود نے بنائی ہے؟

خود بخود بن گئی ہے؟

یا اللہ کے سوا کسی اور نے بنائی ہے؟

تینوں شقیں باطل ہیں، لہذا مدعا ثابت کہ

اللہ خالق ہے، اور سب اسی کی مخلوق ہے

اسی سے لازمی طور پر یہ بھی ثابت ہوگا کہ

اللہ کی خالقیت میں اس کا کوئی شریک نہیں، اور کائنات کا کوئی ذرہ اللہ کے سوا کسی دوسرے کا پیدا کردہ نہیں۔

لیکن یہ تینوں شقیں کیسے باطل ہوتی ہیں ملاحظہ فرمائیں

1- کائنات کسی معدوم سے وجود میں نہیں آسکتی، کیوں کہ جو خود معدوم ہو وہ کسی بھی موجود کے وجود کا سبب نہیں بن سکتا، لہٰذا ماننا ہوگا کہ کائنات کو کسی واجب الوجود ذات نے وجود بخشا ہے، اور وہ ذات اللہ ہی کی ہے۔ اسی کو فرمایا:

اَمْ خُلِقُوْا مِنْ غَيْرِ شَيْءٍ

وہ کبھی کسی معدوم سے وجود میں نہیں آسکتے،  بلکہ وہ جب بھی موجود ہوں گے واجب الوجود کی مدد ہی سے وجود میں آئیں گے۔

2- کائنات، خالق نہیں ہوسکتی، کیوں کہ کائنات مخلوق ہے، اور کوئی بھی مخلوق، خالق نہیں ہوسکتی، لہٰذا کائنات بھی خالق نہیں ہوسکتی، اور اگر کائنات کو خالق مان لیا جائے تو ایک ہی شے بیک وقت خالق ومخلوق ہوجائے گی، اس طرح اجتماع ضدین لازم آئے گا، جو کہ باطل ہے، لہٰذا تسلیم کرنا ہوگا کہ کائنات مخلوق ہے اور اس کا ایک خالق ہے جو سارے جہان کا رب ہے، اسی کو فرمایا:

اَمْ هُمُ الْخٰلِقُوْنَ۔

یہ خالق نہیں مخلوق ہیں، اور ان کا خالق اللہ ہے

3- کائنات کا خالق اللہ کے سوا کوئی نہیں ہوسکتا، کیوں کہ اللہ کے سوا کسی نے کچھ بنایا ہی نہیں تو اس کے سوا کوئی خالق کہلانے کا حق دار بھی نہیں، اور اگر کسی کا گمان ہو کہ ماسوی اللہ نے کچھ ہے تو بتائے کہ آسمان بنایا یا زمین؟ اس کا جواب نفی وانکار کے سوا اور کچھ نہیں ہوسکتا، تو غیر اللہ کی خالقیت کا دعویٰ بے جا ہے، اسی کو فرمایا:

اَمْ خَلَقُوا السَّمٰوٰتِ وَ الْاَرْضَ١ۚ بَلْ لَّا يُوْقِنُوْنَ۔

انھوں نے کیا بنایا، آسمان بنایا یا زمین؟

جب کچھ نہیں بنایا تو دعواے خالقیت لغو اور عبث ہوگا، اس طرح غیر اللہ کی خالقیت کی ساری شقیں باطل ہوں گی تو بجا طور پر مدعا ثابت ہوجائے گا کہ

*اللہ سب کا خالق ومالک اور سب اس کی مخلوق ومحتاج،

سُبْحٰنَ اللّٰهِ عَمَّا يُشْرِكُوْنَ

محمد حبیب اللہ بیگ ازہری

خادم التدريس بالجامعة الاشرفية ، مبارك فور ، اعظم جره

All Posts

Share TO Your Social Networks

Scroll to Top